لکھنؤ،3/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملائم سنگھ نے جمعہ کو کہاہے کہ میں 9/فروری سے جسونت نگر سے شیو پال یادو کے لیے انتخابی مہم کی شروعات کروں گا، اکھلیش یادو کے لیے بعد میں تشہیر کروں گا۔واضح رہے کہ شیو پال یادو اٹاوہ کی جسونت نگر سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، جسے یادو خاندان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔رام گوپال نے کہا تھا کوئی تشہیر کرے نہ کرے، فرق نہیں پڑتا۔گزشتہ یکم فروری کو اٹاوہ میں رام گوپال یادو نے کہا تھاکہ شیو پال حامی امیدوار پوری ریاست میں ہاریں گے۔اس سے پہلے 31/جنوری کو رام گوپال نے ملائم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ ایس پی کی تشہیر کون کرتا ہے، کون نہیں؟ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔غورطلب ہے کہ ملائم نے پہلے کہا تھا کہ وہ کانگریس ایس پی اتحاد کے لیے تشہیر نہیں کریں گے، پھر یکم فروری کو دہلی میں ملائم سے جب صحافیوں نے پوچھا کہ کیا ایس پی کانگریس کے امیدوار کے ساتھ اس کا آشیرواد ہے؟ تو اس پر انہوں نے کہا تھا، ہاں بالکل۔وہیں، شیو پال یادو نے 31/جنوری کو اٹاوہ میں ایک جلسہ عام کے دوران کہا تھا کہ وہ 11/مارچ کے بعد نئی پارٹی کی تشکیل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہم نے فارم بھر دیا ہے،آج ہم جو بھی ہیں، نیتا جی کی وجہ سے ہیں، لیکن بہت سے لوگوں نے کہا کہ وہ جو کچھ ہیں نیتا جی کی وجہ سے ہیں اور انہی لوگوں نے نیتا جی کو ذلیل کرنے کا کام کیا۔شیو پال نے کہا تھا کہ جو چاہو، ان سے لے لو، لیکن وہ نیتا جی کی توہین برداشت نہیں کر سکتے، مرتے دم تک وہ نیتا جی کے ساتھ رہیں گے اور ان کا حکم مانیں گے۔29/جنوری کو راہل-اکھلیش کی مشترکہ پریس کانفرنس اور روڈ شو کے بعد ملائم نے ایک نیوز ایجنسی سے بات چیت کی تھی۔انہوں نے کہا تھاکہ میں نے اس اتحاد کے خلاف ہوں،میں مہم میں بھی حصہ نہیں لوں گا، میں کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اتحاد کے خلاف کھڑے ہوں اور عوام تک اپنی بات پہنچائیں۔ملائم نے کہا تھا کہ ایس پی تو اپنے دم پر بھی لڑتی تو الیکشن جیت جاتی،اس کو اتحاد کی تو ضرورت ہی نہیں تھی۔